ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سدرامیاکی ناراضگی کو دور کرنے ملیکارجن کھرگے کریں گے سدرامیا سے ملاقات

سدرامیاکی ناراضگی کو دور کرنے ملیکارجن کھرگے کریں گے سدرامیا سے ملاقات

Wed, 27 Jun 2018 22:14:42    S.O. News Service

بنگلورو،27؍جون(ایس او نیوز) ریاست میں مخلوط حکومت کے چند فیصلوں کو لے کر سابق وزیراعلیٰ سدرامیا کی ناراضگی کو دور کرنے   کانگریس پارلیمانی پارٹی لیڈر ملیکارجن کھرگے  کل بنگلور میں  سدرامیا سے ملاقات کریں گے۔

اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاست میں مخلوط حکومت کا قیام فرقہ پرست بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کے مقصد کے تحت کیا گیا ہے۔ اس حکومت کی تشکیل کے مرحلے میں کانگریس پارٹی نے بڑی سیاسی جماعت ہونے کے باوجود قربانی دی ہے۔ پچھلے پانچ سال سے سدرامیا ریاست کے وزیر اعلیٰ رہے اور ریاست کی ترقی کے لئے انہوں نے محنت کی ہے، اس لئے ان کی بعض اسکیموں کو موجودہ حکومت کی طرف سے ختم کردئے جانے کے خدشات ان کی مایوسی کا سبب بنے ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں انہیں راضی کیا جائے گا کہ وہ حکومت کے خلاف کسی طرح کی بیان بازی سے گریز کریں۔ مسٹر کھرگے نے ریاستی حکومت کی بقاء کے متعلق سدرامیا کی بات چیت کے ویڈیو فاش ہونے کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سدرامیا کے بیان سے انتشار کی جو صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے وہ موجودہ حالات میں غیر ضروری ہے۔ اس سلسلے میں وہ سدرامیا کو منانے کی کوشش کریں گے۔ 


Share: